55

عید آمد ٗپردیسیوں نے آبائی علاقوں کا رخ کر لیا

پشاور۔عید اپنے گھروالوں کے ساتھ منانے کیلئے پشاورمیں مقیم ملازمین اور دیگر کاروبار ی افراد نے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرلیا جبکہ بڑھتی ہوئی رش کو دیکھتے ہوئے ٹرانسپوٹروں نے من مانے کرایوں کی وصولی بھی شروع کر دی ہے جس پر لڑائی جھگڑے معمول بن گئے ہیں ۔عید الفطر قریب آنے پر پشاورسے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے آبائی علاقوں کو لوٹ رہے ہیں تاہم انہیں واپسی میں مشکلات درپیش ہیں ۔

ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے ۔پشاورسے بین الاضلاعی اوربین الصوبائی روٹ پر چلنے والی کوسٹر،کوچز ،ٹوڈی کار سروس سمیت دیگر پبلک ٹرانسپورٹروں نے مسافروں کو لوٹنا شروع کر رکھا ہے ۔ زیادہ کرایہ وصولی پر ڈرائیوروں اور مسافروں کے درمیان تکرار معمول بن گیا ہے تاہم تمام تر صورتحال میں انتظامیہ منظر سے غائب ہے اور صرف بیانات تک محدود ہے ۔

گزشتہ روز جنرل بس سٹینڈ اور حاجی کیمپ اڈے سے طالب علم ،ملازمین اور کاروباری حضرات اپنے علاقوں کو جانے لگے تاہم ڈرائیوروں نے ان سے زائد کرائے کا مطالبہ کیا کئی افراد نے ٹوڈی کار سروس کے ذریعے جلد پہنچنے کی کوشش کی تو وہاں پر بھی کرائے آسمان سے باتیں کر رہے تھے ۔