46

پشاور میں ڈمپنگ گراؤنڈ کا حصول معمہ بن گیا

پشاور۔حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اور اہم عوامی مسائل سے چشم پوشی کے باعث صوبائی دارالحکومت کے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے ’’ڈمپنگ گراؤنڈ ‘‘ کا حصول معمہ بن گیا ہے ٗ دیہہ بہادر آفتاب آباد میں حکم امتناعی ختم ہونے کے باوجود علاقے کے مشتعل اور اسلحہ بردار مکینوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کو کوڑا کرکٹ سائیڈ پر گرانے نہیں دیا جس کے باعث ڈمپنگ گراؤنڈ کے مالک نے تنگ آ کر ڈبلیو ایس ایس پی سے معاہدے ختم کرنے اور رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس اقدام کے بعد مذکورہ ڈمپنگ گراؤنڈ بھی بند ہونے کا خدشہ ہے ڈبلیو ایس ایس پی کے حکام نے شمشتو کیمپ کو فعال کرنے تک ہزار خوانی میں واقعہ پرانے ڈمپنگ گراؤنڈ کو استعمال کرنے کا عندیہ دیا ہے تاہم یہ ڈمپنگ گراؤنڈ پہلے ہی اپنی گنجائش سے زیادہ بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں ذرائع کے مطابق گزشتہ روز عدالت کی جانب سے حکم امتناعی ختم ہونے کے فوراً بعد ڈبلیو ایس ایس پی کی گاڑیاں پشاور بھر کا گند اور کوڑا کرکٹ لوڈ کرکے دیہہ بہادر آفتاب آباد کے ڈمپنگ گراؤنڈ میں ٹھکانے لگانے گئے تو وہاں کے عوام ایک مرتبہ پھر مشتعل ہوگئے اور سرکاری اہلکاروں پر اسلحہ تان لیا۔

اس موقع پر علاقے کے ڈی ایس پی اور دیگر پولیس حکام نے اہل علاقہ سے مذاکرات کئے تاہم وہ نہ مانے بعدازاں ڈمپنگ گراؤنڈ کے مالک نے تنگ آ کر ڈبلیو ایس ایس پی سے معاہدہ ختم کرنے اور ڈمپنگ گراؤنڈ بند کرنے کا فیصلہ کیا ڈبلیو ایس ایس پی کے جنرل منیجر آپریشنز انجینئر علی خان نے ’’آج ‘‘ کے رابطے پر بتایا کہ ہزار خوانی میں واقعہ پرانے ڈمپنگ گراؤنڈ کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں امید ہے چند دنوں میں شمشتو میں مستقل ڈمپنگ گراؤنڈ مل جائیگا واضح رہے کہ ڈمپنگ گراؤنڈ نہ ہونے کے باعث پشاور میں ایک مرتبہ پھر گندگی اور کوڑا کرکٹ کے پہاڑ کھڑے ہوگئے ہیں ۔