56

عیدپر مسافروں کو سہولیات کی فراہمی ٗ شکایات سیل قائم

پشاور۔صو بائی حکو مت نے عید الفطر کے موقع پر بین الصوبائی آمدورفت کے لیے مختص کرایوں پر عملدرآمد اور مسافروں کی سہولت کے لئے دیگر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ حکام ٹرانسپورٹ اڈوں کے دورے کرینگے اور اڈہ مینجرز، ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران اور ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کرکے انھیں مختص کرایہ ناموں پر عملدرآمد ، زائد کرایوں کی وصولی سے اجتناب ،گاڑیوں کی اوور لوڈنگ سے گر یز کر نے کے حوالے سے خبردار کرینگے۔

جبکہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر مسافر گاڑیوں کی مصنوعی قلت کو روکنے اور گاڑیوں کی کمی کی صورت میں اڈہ مینجرز کو ایک دوسرے سے تعاون کے بارے میں بھی آمادہ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ جنرل بس سٹینڈ پر شکایات سیل کا اہتمام بھی کیا جائے گا جہاں مسافر اپنی شکایات کا اندراج کرسکیں گے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے کہ وہ عوام کی سفری مشکلات کو کم کرنے اور بروقت سفری سہولت کی فراہمی کے لیے ٹریفک پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق عید الفطر کے مقدس مو قع پر مسافروں کو سفر کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے جبکہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائیگی۔