58

وزیر اعلیٰ کا فوڈ سیفٹی کے دفاتر کا دورہ

پشاور۔خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلی جسٹس (ر)دوست محمد خان نے اپنے سرکاری دوروں کا آغاز فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے دفاتر سے کر دیا ہے ٗ وزیراعلیٰ کے دورے کے موقع پر اتھارٹی کے چیئرمین و ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش اور ڈائریکٹر جنرل ریاض خان محسود نے ان کا استقبال کیا گیٹ پر موجود بچوں نے وزیراعلی کو پھول پیش کئے۔

وزیراعلی نے دفتر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اتھارٹی کے عملے سے ملے ڈائریکٹر جنرل ریاض خان محسود نے وزیراعلی کو ادارے کے قیام ٗ آپریشنز ٗ ضلعی دفاتر اور دیگر امور پر بریفنگ دی جس پر وزیراعلی نے مختصر عرصے میں ادارے کی فعالیت کی تعریف کی اور اسے مزید فعال بنانے کیلئے حکومتی ارادے کا اعادہ کیا وزیراعلی آڈیٹوریم میں سرحد چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری اور تاجر تنظیموں کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کے قیام سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور ایسے اداروں پر عوام کا اعتماد ہونا چاہئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت اور عوام کا زیادہ تر بجٹ صحت کی مد میں خرچ ہوتا ہے جس کی بڑی وجہ ملاوٹ شدہ خوراک کی دستیابی ہے ۔

اشیائے خوردونوش کی صنعت سے وابسطہ افراد خود بھی یہ سوچیں کہ جو وہ بیچ رہے ہیں آیا وہ خود اسے کھانا پسند کرینگے یا نہیں۔وزیراعلی دوست محمد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مضر صحت خوراک کھلانا حقوق العباد کی نفی ہے جسے خدا بھی معاف نہیں کرتا ٗخراب چیز کو اچھی پیکنگ میں پیش کرنا دھوکہ دہی کے زمر ے میں آتا ہے ۔ وزیراعلی نے ہدایت کی دیہاتوں میں اشیاء خورد و نوش کو ترسیل کرنے والے ہول سیل ڈیلرز پرکھڑی نظر رکھی جائے جبکہ سیاحتی مقامات پر فوڈ اتھارٹی کے سب دفاتر قائم کئے جائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاحوں کو صاف ستھری خوراک ملے گی تو صوبے کی معیشت کو فروغ ملے گا ترقی ہوگی۔ وزیراعلی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کو خووراک کی مد میں ریلیف دینا چاہیے تاکہ ان کے معالجے کا خرچ کم ہو۔