43

شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے اپنا وکالت نامہ واپس لے لیا

 اسلام آباد: وکیل خواجہ حارث سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسزسے علیحدہ ہوگئے۔

 احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دوران خواجہ حارث نے عدالت سے وکالت نامہ واپس لینے کی درخواست دائرکردی۔ خواجہ حارث نے موقف اختیارکیا کہ سپریم کورٹ نے ریفرنسزنمٹانے کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا، ہفتے اوراتوارکو بھی عدالت لگانے کا کہا گیا، سپریم کورٹ نے میرے موقف کوتسلیم نہیں کیا، دباؤمیں کام نہیں کرسکتا، ایک ماہ میں عدالت انصاف نہیں کرسکتی ہے۔

خواجہ حارث کے وکالت نامہ واپس لینے کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے نوازشریف کوروسٹرم پربلایا اوراستفسار کیا کہ آپ کے وکیل نے وکالت نامہ واپس لے لیا ہے، اب کس کو وکیل رکھیں گے، خواجہ صاحب کو راضی کرلیں جس پرنوازشریف نے کہا کہ اس حوالے سے مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کریں گے۔