53

شہباز شریف کا کراچی سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

کراچی: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے انتخابات 2018 میں حصہ لینے کے لئے کراچی سے کاغذاتِ نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہبازشریف نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور انتخابات 2018 میں حصہ لینے کے لئے شہرِ قائد سے کاغذاتِ نامزدگی بھی حاصل کرلئے ہیں۔ شہبازشریف کے لئے کاغذات نامزدگی مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر سلیم ضیا نے حاصل کئے۔ اس موقع پر سلیم ضیا نے بتایا کہ شہباز شریف کے لیے کاغذات این اے 248، 249 اور 250 کے لیےحاصل کیے گئے ہیں۔

سینیٹرسلیم ضیا کا کہنا تھا کہ یہاں مینڈیٹ لینے والوں نے شہرکے لیے کیا کیا؟  پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم شہرِ قائد کا امن بحال نہیں کرسکے،عوام نے اگر شہبازشریف کے امیدواروں کو ووٹ دیا تو وہ 6 ماہ میں ان کی تقدیر بدل دیں گے۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہوئے اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرون سندھ میں لوٹ مار کے علاوہ کوئی کا م نہیں ہوا جب کہ خیبرپختون خوا کے لوگ بھی تحریک انصاف کی کارکردگی سے بے زار تھے، کراچی میں لوگ کہتے تھے کہ نواز شریف کراچی میں امن قائم کریں، ہم نے کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی اور کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنادیا۔

اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے پنجاب میں مسلم لیگ مضبوط رہی ہے بالخصوص جنوبی پنجاب میں شہباز شریف کے کام قابل قدر ہیں، نئے صوبے کے نعرہ پر سیاست کرنے والے اور مسلم.لیگ کے ٹوٹنے کی باتیں کرنے والے بے نقاب اور ناکام ہو چکے ہیں۔