99

چیف جسٹس نے حمزہ شہباز اور عائشہ احد کو کل طلب کر لیا

لاہور: چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے حمزہ شہباز اور عائشہ احد کو کل طلب کرلیا۔

گزشتہ دنوں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی پنجاب کو عائشہ احد کی درخواست پر حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔سپریم کورٹ کے حکم کے بعد تھانہ اسلام پورہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں تشدد، چوری، چھینا جھپٹی، توڑ پھوڑ ، جان سے مارنے کی دھمکیاں اور زیادتی کی کوشش کی دفعات شامل کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیس کی سماعت کے دوران عائشہ احد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ درج ہونے کے باوجود گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی جس پر چیف جسٹس نے حمزہ شہباز اور عائشہ احد کو کل طلب کرلیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اگر لاہور میں ہیں تو کل سپریم کورٹ میں پیش ہوں۔ 

یاد رہے کہ عائشہ احد نامی خاتون نے حمزہ شہباز کی اہلیہ ہونے کا دعویٰ کر رکھا ہے اور انہوں نے درخواست میں حمزہ شہباز اور دیگر کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیے جانے کا بھی الزام لگایا ہے۔ عائشہ احد نے دعویٰ کیا تھا کہ حمزہ شہباز کے ساتھ ان کی 2010 میں شادی ہوئی جس کے نواز شریف اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز بھی گواہ ہیں جبکہ اُن کے پاس شریف فیملی کے تمام پیغامات بھی موجود ہیں۔