53

کراچی میں شاہراہوں سے اشتہاری دیواریں مسمار کرنے کا حکم

کراچی: سپریم کورٹ نے کراچی میں تمام شاہراہوں سے اشتہاری دیواریں مسمار کرنے کا حکم دیتے ہوئے اشتہاری مقاصد کے لیے دیواروں کی تعمیر پر پابندی عائد کردی۔

 سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں  اشتہاری دیواروں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ  شہر بھر میں جگہ جگہ اشتہاری دیواریں بنائی جارہی ہیں، خصوصاً کنٹونمنٹ بورڈز کے علاقوں میں دیواریں کھڑی کی جا رہی ہیں جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اشتہاری دیواریں فوری گرانے کا حکم دے دیا۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ  بتائیں کس نے یہ دیواریں بنائیں؟ جس پر سی ای او کراچی کنٹونمنٹ  نے بتایا کہ کنٹونمنٹس نے اشتہاری کمپنیوں کو نوٹس جاری کردیا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ نوٹس سے کچھ نہیں ہوگا  فوری کارروائی کریں۔

عدالت نے شارع فیصل سمیت تمام شاہراہوں سے اشتہاری دیواروں کو مسمار کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ اشتہاری مقاصد کے لیے دیواریں تعمیر کرنے پر پابندی عائد کردی،عدالت نے متعلقہ حکام کو  تمام اشتہاری دیواریں منہدم کرکے 10 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔