101

کار سے خطرناک جنگجو مشین میں بدلتی ’بمبل بی‘

ہولی وڈ کی سائنس فکشن فلم سیریز ٹرانسفارمرز کے کردار پر بننے والی فلم ’بمبل بی‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں کار کو خطرناک جنگجو مشین میں بدلتا دیکھ کر شائقین دنگ رہ جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ ’بمبل بی‘ سائنس فکشن فلم ٹرانسفارمر کا مشینی کردار ہے، جو درحقیقت ایک کار ہوتی ہے، جو جنگجو روبوٹک مشین میں بدل جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس سائنس فکشن کردار سے متاثر ہوکر جاپانی کار ساز کمپنی نے بھی ایک ایسی کار تیار کی ہے، جسے بٹن کی مدد سے ٹرانسفارمر جنگجو روبوٹک میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

سائنس فکشن فلم سیریز کی چھٹی فلم ’بمبل بی‘ کو رواں برس جولائی میں ریلیز کیا جائے گا، جس میں جون سینا سمیت ہیلی اسٹین فیلڈ، پامیلا ایڈلن، ریچل کراؤ اور جورج لینڈبروگ جونیئر سمیت دیگر اداکار ایکشن میں نظر آئیں گے۔

فلم کی کہانی چارلی واٹسن نامی ایک جواں سالہ لڑکی اور اس کی جانب سے حاصل کی گئی ایک پرانے ماڈل کی کار کے گرد گھومتی ہے، جو دیکھتے ہی دیکھتے جنگجو روبوٹک میں تبدیل ہوجانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

—اسکرین شاٹ

—اسکرین شاٹ

 

چارلی واٹسن کا کردار ہیلی اسٹین فیلڈ نے نبھایا ہے، جب کہ اس فلم کی ہدایات ٹریوس نائٹ نے دی ہیں۔

’بمبل بی‘ کی کہانی کرسٹینا ہڈسن نے لکھی ہے، جب کہ اس فلم کو پیراماؤنٹ پکچرز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ’ٹرانسفارمر‘ سیریز کی پہلی فلم 2007 میں ’ٹرانسفارمر‘ کے نام سے ریلیز ہوئی، جس کے بعد اس سیریز کی دوسری فلم ’روینج آف دی فالن‘ 2009 میں ریلیز کی گئی۔

اس سیریز کی تیسری فلم ’ ڈارک آف دی مون‘ 2011، چوتھی فلم ’ایج آف ایکسٹنشن‘ 2014 جب کہ پانچویں فلم ’دی لاسٹ نائٹ‘ 2017 میں ریلیز کی گئی تھی۔

اگرچہ ’بمبل بی‘ سیریز کی چھٹی فلم نہیں ہے، کیوں کہ یہ اس سیریز کے ایک کردار پر بنائی گئی خصوصی فلم ہے، تاہم اسے بھی اسی سیریز کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔