68

پاکستانی سرحد کے قریب بھارتی فضائیہ کا فائٹرجیٹ گر کر تباہ

بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کا فائٹر جیٹ پاکستانی سرحد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

بھارتی فضائیہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ پائلٹ سنجے چوہان ریاست گجرات کے صحرا کچ میں معمول کی تربیتی پرواز میں تھے کہ حادثہ پیش آیا۔

اے ایف پی کو آئی اے ایف حکام نے بتایا کہ ‘حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے تفتیش کا حکم دے دیا گیا ہے’۔

بھارتی فضائیہ کے فائٹر جیٹ کو پیش آنے والے حادثے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں 2012 سے اب تک 30 سے زائد فائٹر جیٹ گر کر تباہ ہوچکے ہیں اور اکثر حادثات کا الزام فائٹر جیت کے پرانے ہونے پر دیا جارہا ہے۔

بھارت میں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران اس طرح کے حادثات میں 170 سے زائد پائلٹ اپنی جان کھو چکے ہیں اور سویت یونین دور کے ان طیاروں کو ‘اڑتے تابوت’ سے بھی تعیبر کیا گیا۔

گزشتہ ماہ چین کی سرحد کے قریب روس کے تیار کردہ ایک جیٹ کے حادثے میں فضائیہ کے دو پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔

بھارتی فضائیہ میں 1980 کے اوائل میں 160 کے قریب یورپی طیاروں کو شامل کر لیا گیا تھا جن میں سے اکثر فعال ہیں۔

پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تر ہوتے تعلقات کے خوف سے بھارت اپنی فضائی طاقت میں اضافے کے لیے اربوں کی سرمایہ کاری کررہا ہے۔

بھارت نے فرانس کے ساتھ 8اعشاریہ 8 بلین ڈالر مالیت کے 36 فائٹرز حاصل کرنے کے لیے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں اور ان فائٹرز کی درآمد 2019 میں متوقع ہے۔