59

پشاور میں قائم رمضان سہولت پوائنٹ غیر فعال

پشاور۔رمضان المبارک کے دوران اشیاء خورد و نوش کے نرخوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پشاور بھر میں قائم ’’رمضان سہولت پوائنٹ ‘‘ غیر فعال ہوگئے ہیں ٗ بیشتر پوائنٹس پر افسران افطار سے ایک گھنٹہ قبل آکر حاضری لگانے کے بعد رفو چکر ہونے لگے جبکہ بعض پوائنٹس پر کوئی افسر موجود نہیں اور جو جونیئر آفیسرز موجود ہیں وہ فیلڈ پر جانے کی بجائے سارا دن اخبار پڑھتے رہتے ہیں مذکورہ مجرمانہ غفلت کے باعث پشاور کے عوام مہنگی اشیاء خورد و نوش خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

رمضان المبارک سے قبل ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے پشاور کے مختلف علاقوں میں رمضان سہولت پوائنٹس قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان پوائنٹس پر ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود ہونگے جو اپنے اپنے علاقوں میں اشیاء خورد و نوش کے نرخ چیک کرنے کیلئے اچانک چھاپے بھی ماریں گے ذرائع کے مطابق رمضان کے ابتدائی دنوں میں رمضان سہولت پوائنٹ پر افسران موجود رہے تاہم آہستہ آہستہ ان کی بھی دلچسپی ختم ہوگئی اور اب رمضان سہولت پوائنٹس مکمل طور پر غیر فعال ہو چکے ہیں۔

اشیاء خورد و نوش کے نرخوں کو چیک کرنے والے افسروں کی عدم دلچسپی کے باعث ناجائز منافع خوروں نے پشاور کی عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے پھل فروش اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مجرمانہ غفلت برت رہے ہیں ۔