69

وفاقی حکومت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی

وفاقی حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب وفاقی حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کررہی ہے، اس سے قبل 2013 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی مدت پوری کی تھی۔

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا آخری اجلاس جاری ہے جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان آج اپنے عملے اور افسران سے الوداعی ملاقاتیں کریں گے جبکہ مسلح افواج کے دستے وزیراعظم کو چیف ایگزیکٹو آفس سے روانگی پر سلامی دیں گے۔

یکم جون کو نامزد وزیراعظم جسٹس ریٹائر ناصر الملک اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بطور 18ویں منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے 10 ماہ خدمات انجام دیں، ان سے پہلے اس عہدے پر نواز شریف نے 4 سال ایک ماہ اور 23 دن خدمات انجام دیں جنہیں اعلیٰ عدالت نے پاناما کیس میں نااہل قرار دیا تھا۔

اسی طرح پیپلز پارٹی کی 2008 سے 2013 تک حکومت میں ملک کے 16ویں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اس عہدے پر 4 سال 2 ماہ اور 25 دن فرائض انجام دیتے رہے اور انہیں بھی اعلیٰ عدالت نے نااہل قرار دیا۔یوسف رضا گیلانی کے بعد راجا پرویز اشرف نے 17ویں وزیراعظم کی حیثیت سے 9 ماہ اور دو دن فرائض انجام دیے اور 5 سالہ دور حکومت کی مدت پوری کی۔