89

یہ غذائی عادت فالج کا خطرہ کم کرے

ہفتے میں محض 3 بار گریاں جیسے بادام، اخروٹ یا دیگر کو کھانا دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کا خطرہ کم کرتا ہے جو کہ فالج کا خطرہ بڑھانے والے اہم ترین عنصر ہے۔

یہ بات سوئیڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیرولینسکا انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ہفتے میں کم از کم 3 بار گریاں کھانا اطاقی فائبرلیشن (atrial fibrillation) کا خطرہ 18 فیصد تک کم کردیتا ہے، یہ دل کا ایسا عارضہ ہے جس کے دوران اکثر دھڑکن بے ترتیب محسوس ہوتی ہے۔

اس سے قبل ایک اور تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ ہفتے میں ایک یا 2 بار گریاں کھانا (معتدل مقدار میں) ہارٹ فیلیئر کا خطرہ کم کرتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں ہزاروں بالغ افراد کا گریوں کا استعمال اور دل کی صحت پر ان کے اثرات کا جائزہ 17 سال تک لیا گیا۔

ابتدائی نتائج سے یہ معلوم ہوا کہ گریاں کھانا ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم کرتا ہے۔

اس تحقیق میں شامل رضاکار نوجوان اور جسمانی طور پر متحرک، صحت مند جسمانی وزن کے حامل اور سبزیاں و پھل زیادہ کھانے کے عادی تھے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ گریاں کھانے کی عادت دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کا خطرہ کم کرتا ہے اور اسی وجہ سے ہارٹ فیلیئر کا امکان بھی کم ہوتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ کچھ مقدار میں گریوں کا استعمال لوگوں کو جان لیوا امراض قلب سے تحفظ ملتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل ہارٹ میں شائع ہوئے۔