87

ایڈوانس فیسوں کی وصولی ٗ اکاؤنٹس منجمد کرنے کے نوٹسز

پشاور۔پشاورہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود بعض سکولوں کی جانب سے موسم گرماکی تعطیلات کی فیسیں ایڈوانس وصول کرنے پربرہمی کااظہارکرتے ہوئے ان سکولوں کے بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے لئے سٹیٹ بنک آف پاکستان کونوٹس جاری کردیاہے عدالت عالیہ کے جسٹس وقاراحمدسیٹھ اور جسٹس قلندرعلی خان پرمشتمل دورکنی فاضل بنچ نے یہ احکامات گذشتہ روز عباس سنگین ایڈوکیٹ کی جانب سے دائرپرائیویٹ سکولوں کی فیسوں کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران جاری کئے۔

اس موقع پر عدالت کوبتایاگیاکہ عدالتی حکم کے باوجود بعض سکول اب بھی چھٹیوں کی ایڈوانس فیس وصول کر رہے ہیں بعض سکول انتظامیہ والدین سے ایڈوانس فیسوں کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ سکول مالکان چھٹیوں میں پوری فیس وصول کرکے توہین عدالت کر رہے ہیں انہوں نے عدالت کو بتایاکہ عدالت نے زیادہ فیس لینے والے سکولوں کی اکاونٹ فریز کرنے کے احکامات جاری کئے تھے اورریگولیٹری اتھارٹی نے اس پر کوئی کاروائی نہیں کی۔

اس موقع پر ایم ڈی ریگولیٹری اتھارٹی ظفر علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے اوربتایا کہ جو سکول زیادہ فیس لے رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور عدالتی حکم نہ مانے والے سکولوں کے بینک اکاونٹ فریز کرنے کیلئے سٹیٹ بینک سے رجوع کیاگیا ہے تاہم سٹیٹ بینک کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں آیاجس پرفاضل بنچ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو نوٹس جاری کرکے 21 جون کو جواب طلب کرلیا۔