214

مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا میکنزم تیار

پشاور۔صوبائی دارالحکومت میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے میکنزم تیار کر لیاہے ٗ جس کے تحت گراں فروشوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ 15دنوں کیلئے جیل بھی بھجوایا جائیگا ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ’’آج ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی ٗ ذخیرہ اندوزی اورتجاوزات پشاور کے بڑے مسائل ہیں ٗ ضلعی انتظامیہ کے آفیسرزعوام کو ریلیف دینے کیلئے ان عناصر کے خلاف کاروائیاں کرتے ہیں تاہم یہ لوگ جرمانے ادا کرکے دوبارہ گراں فروشی ٗ ذخیرہ اندورزی اور تجاوزات کا سلسلہ شروع کر دیتے ہیں۔

لہٰذا رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں ایسے عادی مجرموں کو قرار واقعی سزائیں دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے گراں فروشوں کو پہلی اور دوسری مرتبہ بھاری جرمانے کئے جائینگے جبکہ مسلسل تیسری مرتبہ خلاف ورزی پر گراں فروشوں کو 15دنوں کیلئے جیل بھجوا دیا جائیگا اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی انہوں نے کہا کہ تمام ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں کوگراں فروشوں کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کی ہدایت کر دی ہے تاکہ مسلسل تیسری مرتبہ خلاف ورزی پر انہیں جیل بھجوایا جا سکے ۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں گدا گروں کے خلاف بھی کاروائیاں تیز کر دی ہیں ہم چاہتے ہیں کہ گداگروں کو مفید شہری بنائیں اسی لئے انہیں فلاحی مراکز منتقل کرکے ان کی کونسلنگ کی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گداگری دراصل سماجی برائیوں میں ایک برائی ہے جس کا قلع قمع کرنے کیلئے شہریوں کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا سپیشل سکواڈ علی الصبح سبزی اور فروٹ منڈیوں میں موجود ہوتا ہے اور نرخناموں کے تعین کے بعد پھر دن بھر اوپن مارکیٹ میں خدمات انجام دیتا ہے ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گراں فروشوں کی شکایات ہیلپ لائن پر درج کرائیں تاکہ گراں فروشوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کی جا سکیں ۔