75

خیبر پختونخوا میں 40ہزار نئے اساتذہ بھرتی کئے ٗمحمد عاطف

صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی کا موازنہ سابقہ حکومت کی کارکردگی سے کیا جائے ۔ اس وقت پورے پانچ سالوں میں صرف 7ہزار اساتذہ بھرتی ہوئے تھے جبکہ ہمارے دور میں 40ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی ہوئے اور 17ہزار مزید بھرتی ہورہے ہیں جبکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی کروڑوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں جو کہ ہماری بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

وہ مردان میں حال ہی میں مکمل شدہ مختلف تعلیمی منصوبوں کے دورے کے موقع پر عوام سے خطاب کررہے تھے عاطف خان نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں متعارف کردہ اصلاحات کیساتھ ساتھ ہم نے سابقہ حکومت کی 63ارب روپے کے بجٹ میں 116فیصد اضافہ کرکے اس کو 137ارب روپے تک پہنچا دیا ، جبکہ پورے صوبے میں 850سکول صرف نئے بنائے گئے ہیں اور 400 غیر فعال سکولوں کو فعال کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات اور عملی اقدامات کی بدولت سرکاری سکولوں پر عوام کے اعتماد میں بہت اضافہ ہوا ہے اور مختلف پرائیویٹ سکولوں سے ڈیڑھ لاکھ بچے سرکاری سکولوں میں داخلے کی غرض سے آئے ہیں ۔ انہوں نے مردان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مردان میں 78سکول یا تو نئے بنے ہیں اور یا اپ گریڈ کئے گئے ہیں ۔ جو کہ ان بچوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ ان کا بنیادی حق ہے کیونکہ کسی بھی فلاحی ریاست کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو مفت تعلیم فراہم کریں۔ مگر بد قسمتی سے سابقہ حکمرانوں نے تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی تھی