64

قیامت خیز گرمی؛ حبس اورلولگنے سے درجنوں افراد بیمار

کراچی: کراچی میں گرمی کی شدت، حبس اور لو لگنے سے پیرکو درجنوں شہریوں کی حالت غیر ہوگئی جنھیں مختلف اسپتالوں میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

کراچی کئی روز سے سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہواؤں کے بجائے اس وقت سندھ کے صحرائی اور بلوچستان کے گرم میدانی ہواؤں کی زد میں ہے، سمندری ہواؤں کی مسلسل بندش اور اس کے نتیجے میں اتوار کو پڑنے والی شدید گرمی اور لو چلنے کے اثرات زائل نہیں ہوسکے ہیں رہی سہی کسر پیر کو پوری ہوگئی جب شہر کی گرمی کا پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا،شہریوں کو پیر کے روز لگاتار دوسرے دن بھی غیر معمولی شدید گرمی، حبس اور گرم ترین لو کا سامنا رہا۔

شمال مغربی گرم اور خشک ہواؤں کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کے معمولات زندگی پر شدید اثرات مرتب ہوئے ہیں، پیر کی صبح تعطیل کے بعد دفاتر اور کاروباری مراکز کھلنے کے باوجود سڑکوں پر شدید گرمی کی وجہ سے سناٹا دکھائی دیا، سمندری ہواؤں کی مسلسل بندش کے باعث شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) آنے کا خدشہ ہے، منگل کی شام کو کراچی میں سمندر کی بند ہوائیں36 گھنٹے بعد چلنے لگیں جس کی رفتار18کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔