54

پشاور میں چوراہوں کی خوبصورتی کیلئے میگا پراجیکٹ

پشاور۔اندورن شہر کی عظمت رفتہ کی بحالی کے پیش نظر شہر کے ہر چوراہے کو خوبصورت اور قابل دید و جازب نظر بنانے کے میگا منصوبے کو شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ٗ بی آر ٹی منصوبے کے مکمل ہوتے ہی اندورن شہر میں چوراہوں کی خوبصورتی کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا جائیگا ناظم ٹاؤن ون زاہد ندیم کے مطابق پشاور کو حقیقی معنوں میں پھولوں کا شہر بنانے کے ساتھ اس کی عظمت رفتہ بھی بحال کرنے کیلئے پر عزم ہیں ۔

اندورن شہر کی تاریخی حیثیت کو اجاگر کرنے کیلئے شہر کے ہر چوراہے اور ہر کونے کو خوبصورت بنانے کا پلان ہے اس حوالے سے ایک سروے بھی کیا جا رہا ہے جبکہ اس میگا پراجیکٹ میں نجی کمپنیوں کی شراکت حاصل کرینگے تاکہ حکومتی خزانے پر بوجھ بھی نہ پڑے اور شہر خوبصورت بھی بن جائے انہوں نے کہا کہ اس وقت پشاور میں بی آر ٹی میگا پراجیکٹ جاری ہے اسی لئے اندورن شہر کی خوبصورت کے منصوبے کو بی آر ٹی مکمل ہونے کے بعد شروع کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور سب کا ساجھا ہے لہٰذا اس کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے سیاست اور انفرادی مفاد سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا انہوں نے امید ظاہر کی کہ اندورن شہر میں چوراہوں کو خوبصورت بنانے کے بعد شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا ۔