91

فاٹا اصلاحات ٗایف سی آر منسوخی کی تیاریاں

پشاور۔فاٹااصلاحات کے تحت ایف سی آر کی منسوخی کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں جس کے بعدمکمل انضمام تک کے لیے وسط مدتی نظام کے خدوخال کو حتمی شکل دی جارہی ہے ا س سلسلہ میں اہم مشاورتی اجلاس آج ہورہاہے ذرائع کے مطابق گورنرخیبر پختونخوااقبال ظفر جھگڑا کی طرف سے ایف سی آر کی بعض شقوں کی منسوخی کے حوالہ سے سمری صدرمملکت کو ارسال کی جاچکی ہے قومی اسمبلی سے فاٹا ترمیمی بل کی منطوری کے ساتھ صدرمملکت کی طرف سے ایف سی آر کی منسوخی کی سمری کی منظوری دے دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایف سی آر کی ان شقوں کو منسوخ کیاجارہاہے جو انسانی حقوق سے متصاد م ہیں جس کے بعدفاٹا انضمام کے حتمی مرحلہ تک باقی ماندہ ایف سی آر کو بطورمتبادل قانون نافذ رکھاجائے گا ذرائع کے مطابق پولیٹیکل ایجنٹ سے عدالتی اختیار ا ت لے کر ہرایجنسی میں ایک جوڈیشل افسر تعینات کیاجائے گا جس کے فیصلو ں کے خلاف کمشنر کی عدالت میں اپیل کی جاسکے گی تاہم کمشنر کے فیصلہ کے خلاف اپیل براہ راست ہائی کورٹ میں ہوسکے گی فاٹا ٹریبونل ختم کرنے کی تجویزہے ۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں تفصیلات طے کرنے کے لیے آج اہم مشاورتی اجلاس ہوگا جس میں حاجی غلام احمد بلور ،آفتاب احمد خان شیرپاؤ ،صاحبزادہ طارق اللہ سمیت خیبرپختونخوا کے پارلیمانی نمائندے جبکہ شاہ جی گل آفریدی سمیت فاٹا کے پارلیمانی نمائندے شریک ہونگے اجلاس میں سرکار ی حکام متبادل قانونی نظام پر ممبران کو تفصیلی بریفنگ دیں گے ذرائع کے مطابق اجلاس میں انٹرم سیٹ اپ کے حوالہ سے اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔