129

سوات موٹر وے سے پسماندہ علاقے ترقی کرینگے ٗ اسد قیصر

پشاور۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سوات موٹر وے پسماندہ شمالی علاقوں میں ترقی وخوشحالی کے دروازے کھولنے کا باعث بنے گا ۔مذکورہ موٹروے خیبرپختونخوا صوبہ نے اپنے وسائل سے تعمیر کیا جس کی کل لمبائی 81کلومیٹر پر محیط ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کرنل شیر خان انٹر چینج پروزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے ہمراہ سوات موٹر وے کے پہلے مرحلے کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے وزیر اعلیٰ پرویزخٹک نے بھی خطاب کیا ۔سپیکر نے کہا کہ کرنل شیر خان انٹرچینج سے کاٹلنگ انٹر چینج تک سوات موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھولنے سے صوبے کے شمالی علاقے صوبے اور ملک کے ساتھ منسلک ہوجائیں گے جس کے باعث عوام کو بہترین سفری سہولیات میسرہو ں گی ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ روڈ سے پسماندہ علاقوں پر ترقی کے دروازے کھل جائیں گے اور ان علاقوں میں خوشحالی آئے گی ۔

سپیکر نے کہا کہ مذکورہ میگاپراجیکٹ پر تخمینہ لاگت 40ارب روپے ہے ۔سپیکرنے کہا کہ مذکورہ پراجیکٹ کی تکمیل سے شمالی علاقوں میں سیاحت کی صنعت کو فروغ ملے گا ۔جس کے باعث صوبہ کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا اور عوام کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگاکہ اس موٹروے کو چکدرہ سے سوات تک توسیع دی جائے جس سے پھرسوات کی خوبصور ت وادیاں سیاحوں کی آمدورفت کامرکز بن جائیں گی۔