64

کراچی میں سمندری ہوائیں بند، درجہ حرارت 42 ڈگری تک جاپہنچا

کراچی سمیت سندھ کے کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جب کہ محکمہ موسمیات نے صوبے میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہوگئیں جب کہ ایک بجے تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور شہر میں آج پارہ 43 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی کی لہر مزید چند روز برقرار رہے گی جس کے پیش نظر پیر، منگل اور بدھ کو 'ہیٹ ویو' شدید ترین ہوگی۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق نواب شاہ، بدین، دادو، لاڑکانہ، اور سکھر سمیت سندھ کے کئی شہروں میں بھی موسم شدید گرم ہے جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ 

دن ایک بجے تک سب سے زیادہ درجہ حرارت چھور میں 44، کراچی، مٹھی اور شہید بے نظیر آباد میں 42 جب کہ حیدرآباد اور سکھر میں 41،41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور پنجاب کے میدانی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ 

محکمہ موسمیات کی جانب سے آج مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

احتیاطی تدابیر:

شہری ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بلاضرورت گھروں سے باہر نا نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔ 

عوام شدید گرمی میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔