62

پشاور کے نواحی علاقوں کیلئے کوچ سروس کا منصوبہ

پشاور۔صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ سروس کے فقدان اور عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر خصوصی ’’کوچ سروس ‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ٗ ناظم ٹاؤن 4نے کونسل سے منظوری کے بعد ٹی ایم او اور ٹی او آر کو تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے ناظم ٹاؤن 4ہارون صفت کے مطابق کوہ دامان کے لوگ شہر جانے کیلئے تین سے چار گاڑیاں تبدیل کرتے ہیں جس سے جہاں انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں ۔

گھنٹوں گاڑیوں کا انتظار بھی کرنا پڑتا ہے اسی طرح ٹاؤن فور کے دیگر علاقوں کے لوگوں کو بھی ٹرانسپورٹ کے مسائل کا سامنا ہے لہٰذا ٹاؤن 4کے عوام کی مشکلات کے پیش نظر خصوصی کوچ سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ مین اڈہ کوہ دامان میں قائم ہوگا جبکہ شہر میں بھی جگہ جگہ سٹاپ قائم کئے جائینگے تمام اراضی لیز پر حاصل کی جائے گی جہاں پر دلچسپی رکھنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیاں اپنی گاڑیاں چلا سکیں گے جس کی وہ ادائیگی کرینگے ۔

اسی طرح 2001ء سے 2005ء کے درمیان کے ماڈل کی گاڑیوں کو اجازت دی جائے گی انہوں نے کہا کہ مذکورہ فیصلے پر فی الفور عمل درآمد کیلئے ٹی ایم او اور ٹی او آر کو تجاویز ارسال کرنے کی ہدایت کر دی ہے تاکہ ٹاؤن فور کے عوام کو آسان اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یاجا سکے ۔