65

مرغی کے نرخ بے قابو ٗ ڈبل سنچری مکمل

پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاورمیں رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر قابو پانے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ماہ مقدس کے آغاز کے ساتھ ہی پشاور میں مرغی کی قیمتوں نے ڈبل سنچری عبور کرلی مارکیٹ سروے کے مطابق پشاور و ملحقہ علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے ہی روز مرغی کی قیمت فی کلو 201 روپے تھی جس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے تاجروں کے مطابق قیمتوں میں اضافہ کی اصل وجہ رسد کم اور طلب زیادہ ہے ۔

اس ضمن میں رابطہ کرنے پر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری حاجی حضرت گل کا کہناتھاکہ پنجاب میں گندم کی کٹائی کے باعث مرغی کی فارمنگ کم ہوئی ہے اور دوسری جانب رمضان بھی شروع ہوگیا ہے اس لئے رسد کم اور طلب زیادہ ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جنرل سیکرٹری کا کہناتھاکہ پشاور سمیت صوبہ بھرکیلئے 80 فیصد مال پنجاب سے آتا ہے۔

دوسری جانب محکمہ لائیو سٹاک کی غفلت و لاپرواہی کے باعث تاحال صوبے کے کسی بھی حصے میں سرکاری سطح پر فارم نہ بن سکے کچھ عرصہ قبل لائیو سٹاک حکام نے اعلان کیا تھاکہ اب پشاور سمیت صوبہ کے مختلف اضلاع میں سرکاری سطح پر مرغیوں کی فارمنگ کی جائیگی جس کے بعد مرغی کی قیمتوں میں اعتدال پر رہیں گی ادھر مرغی کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ نے شہریوں کو شدید پریشان کردیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر ملحقہ اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیاررکھی ہے ۔