82

نواز شریف نے تحریک انصاف کو دھرنا پارٹی قرار دیدیا

اسلام آباد۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک 'پگڑی اچھال' پارٹی ہے، جس کا کوئی کردار اور نظریہ نہیں ہے۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران ایک صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ 'پی ٹی آئی نے ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان کے معاملے پر آپ کے قومی کمیشن بنانے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔

جس پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ 'پی ٹی آئی کا نہ کوئی کردار ہے اور نہ نظریہ، یہ ایک گندی زبان والی اور پگڑی اچھال پارٹی ہے'۔نواز شریف نے مزید کہا کہ 'پی ٹی آئی امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی پارٹی ہے'۔اس موقع پر سابق وزیراعظم نے 2014 کے اسلام آباد دھرنے کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ 'ان دھرنوں کے پیچھے کئی کردار تھے'۔نواز شریف نے کہا کہ 'عمران خان اور طاہر القاہدری بھی ایسے ہی کرداروں میں شامل ہیں اور وقت آنے پر دیگر کرداروں کے نام بھی بتا دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف دھرنے والی پارٹی ہے، اس کا 'عوام کے ووٹ کو عزت دو' پر اعتبار نہیں ہے۔ اچھا ہوا جو خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت تھی، وہاں کی عوام نے تبدیلی دیکھ لی،سب سامنے آ گیا ہے۔سابق وزیراعظم کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ 'نواز شریف کا اپنا سیاسی کردار اتنا داغدار اور اونچ نیچ پر مبنی ہے کہ ان کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی اور پر بات کریں۔

انہیں اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہیے'۔ نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے مزید کہا کہ '2014 کے دھرنے کے پیچھے پاکستان کے 20 کروڑ عوام تھے'۔انہوں نے کہا کہ 'ان دھرنوں میں جس طرح سے لوگوں نے شرکت کی، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایک مقبول مظاہرہ تھا جو پاکستان کے لوگوں کے جذبات کی عکاسی کر رہا تھا'۔