73

رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، پاکستان میں پہلا روزہ کل ہو گا

کراچی: رمضان المبارک سن 1439 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں پہلا روزہ کل بروز جمعرات ہو گا۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔

رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق ماہ رمضان کے چاند کی پیدائش گزشتہ شام 4 بجکر 49 منٹ پر ہوچکی تھی اور آج شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ تھی۔

ذرائع محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند کی عمر 26 گھنٹے 12 منٹ ہو تو وہ آسمان پر دکھائی دیتا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں موسم کے گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور پہلے ہفتے میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ رمضان کے پہلے ہفتے میں شمال مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں تاہم کراچی میں شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔