74

ڈبلیو ایس ایس پی کا رمضان کیلئے شیڈول مرتب

پشاور۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بروقت پانی کی فراہمی اور شہر کی صفائی کے لئے شیڈول مرتب کرلیا پہلی بار رمضان المبارک میں رات کے وقت صفائی کی خصوصی شفٹ شروع کرائی جائے گی جو رات 10 بجے سے دو بجے تک جاری رہے گی۔

شیڈول کو حتمی شکل چیئرمین ڈبلیو ایس ایس پی حاجی شوکت علی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر علی خان، زونل منیجرز انجینئر امین گل شنواری، انجینئر فخر عالم، انجینئر تراب شاہ اور انجینئر طارق عزیز سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان کے دوران سحری کے لئے ٹیوب ویلز سے رات دو بجے سے صبح پانچ بجے تک، صبح سات بجے سے نو بجے تک، دوپہر 12 بجے سے دو بجے تک اور شام ساڑھے پانچ بجے سے رات 10 بجے تک پانی فراہم کیا جائے گا۔

اسی طرح عملہ صفائی صبح پانچ بجے سے 11 بجے تک ڈیوٹی دے گا دوسری شفٹ دو بجے دوپہرسے پانچ بجے عصر تک جاری رہے گی اور پھر رات کے وقت خصوصی شفٹ میں صفائی کی جائے گی۔