1016

وفاق المدارس العربیہ کے سالانہ نتائج کا اعلان

پشاور۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے سالانہ امتحانات2018 کے نتائج کا اعلان کردیا ۔نتیجہ 84فیصد رہا۔جامعہ عثمانیہ پشاور نے ملکی سطح پرچھ جبکہ صوبائی سطح پر چودہ پوزیشنیں حاصل کرکے برتری کی سابقہ روایت برقرار رکھی ناظم وفاق المدارس خیبر پختونخواہ مولاناحسین احمد نے نتائج کے بارے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ امسال ملک بھر میں 339816طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔

جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا ہ سے ایک لاکھ 47ہزارطلبہ وطالبات امتحا ن میں شریک ہوئے۔ ان شرکاء میں ملکی سطح پر 28553طلبہ وطالبات نے کامیابی حاصل کی۔اور 54283ناکام ہوئے۔ معروف دینی درس گاہ جامعہ عثمانیہ پشاور نے ملکی سطح پر چھ اورصوبائی سطح پر چودہ پوزیشنیں اپنے نام کرکے ایک مرتبہ پھر میدان مار لیادرجہ عالمیہ سال اول مساوی ایم اے میں جامعہ عثمانیہ پشاور کے طالب علم محمد نعیم نے 585نمبرات حاصل کرکے ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔درجہ عالیہ دوم مساوی بی اے میں جامعہ عثمانیہ پشاور کے طالب علم ذاکراللہ نے576نمبرات حاصل کرکے ملک بھر میں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

درجہ عالیہ اول مساوی بی اے میں جامعہ انوارالقرآن نرشک مردان کے طالب علم نے حفیظ الرحمن نے 594نمبرحاصل کرکے ملک بھر میں پہلی پوزیشن جبکہ اسی درجہ میں جامعہ احیاء العلوم گلی باغ مردا ن کے طالب علم محمد ذوہیب نے 589نمبرات حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔درجہ ثانیہ مساوی ایف اے میں جامعہ عثمانیہ پشاور کے طالب علم صابر خان نے 594نمبرات حاصل کرکے ملک بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

درجہ تجویدللعلماء میں جامعہ عثمانیہ پشاور کے طالب علم محمد عباس نے 554نمبرات حاصل کرکے ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ درجہ تجوید للحفاظ میں جامعہ عثمانیہ پشاور کے طالب علم محمد سلیما ن نے 594نمبرات حاصل کرے اسی درجہ میں ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔اسی درجہ میں جامعہ تعلیم القرآن مینگورہ سوات کے طالب علم ثناء اللہ نے 589نمبرات حاصل کرکے دوسری جبکہ اسی درجہ میں جامعہ عثمانیہ پشاور کے طالب علم جلال احمد نے 586نمبرات حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔