72

گدون کے 45دیہاتوں کیلئے صاف پانی کی فراہمی ممکن

پشاور۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اوتلہ ڈیم کی تعمیر سے گدون کے 45دیہاتوں میں رہائش پذیر تقریباًڈیڑھ لاکھ کی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو جائے گی ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارصوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں ضلع صوابی کے علاقہ گدون میں اوتلہ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں چیف کنزر ویٹرفارسٹ ،چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئر ،ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز،ڈائریکٹر جنرل ماحولیات ،سینئر انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مردان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی ۔سپیکر نے کہا کہ اوتلہ ڈیم کی تعمیر ان کی ترجیحات میں شامل ہے سرکاری حکام عوام کی مشکلات کے پیش نظر مذکورہ پینے کے پانی کے پراجیکٹ کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد ازجلد دورکریں ۔

اجلاس کے دوران چیف کنزرویٹر فارسٹ صدیق خان نے کہا کہ وہ اصولی طور پر مذکورہ پراجیکٹ کی تعمیر کے حق میں ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے تجویز دی کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو سائٹ کا دورہ کرکے معلوم حاصل کرے کہ مذکورہ پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے کتنا قطعہ اراضی درکار ہوگا تاکہ پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے این اوسی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جاسکیں ۔سپیکر نے چیف کنزرویٹر فارسٹ ،ڈائریکٹر جنرل ماحولیات اور ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا کہ مذکورہ بالا سرکاری حکام آپس میں مل بیٹھ کر مشاورت کریں اور ایک واضح لائحہ عمل طے کریں تاکہ مذکورہ پینے کے پانی کے پراجیکٹ پر تعمیراتی کام جلد ازجلد شروع کیا جاسکے