73

وزیر اعلیٰ کی اہلیہ کا وویمن چیمبر کا دورہ

پشاور ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی اہلیہ عمارہ خٹک نے وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر وویمن چیمبر کی صدر مسز فوزیہ عنایت ‘ وویمن چیمبر کی لیڈر مسز فطرت الیاس بلور ‘ سینئر نائب صدر رابیل ریاض ‘ نائب صدر رخسانہ نادر ‘ سابق صدور وویمن چیمبر ناصرہ لغمانی ‘ نزہت رؤف ‘ نینسی عذرا جمشید ‘ سمیڈا کی منیجر نابیلہ فرمان اور دیگر ایگزیکٹو ممبران موجود تھیں۔ 

وویمن چیمبر کی صدر مسز فوزیہ عنایت اور وویمن چیمبر کی لیڈر مسز فطرت الیا س بلور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی انتہائی ممنون و مشکور ہیں جنہوں نے وویمن کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ دی جس سے پشاور سمیت صوبہ بھر کی خواتین مستفید ہوئی اور بزنس خواتین کی معاشی بہتری کے لئے وویمن چیمبر نے بہت سے پروگرام شروع کئے جس میں بزنس کرنیوالی خواتین کو مختلف ٹریننگ کے ساتھ ساتھ خواتین کے لئے ٹریڈ فیئر سیمینار کے علاوہ دوسرے پروگرام بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چونکہ اب یہ گرانٹ ختم ہوچکی ہے وویمن چیمبر کو مزید گرانٹ کی ضرورت ہے تاکہ کاروباری خواتین کے لئے جو پروگرام شروع کئے گئے ہیں ان کو جاری رکھا جاسکے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی مسز عمارہ خٹک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وویمن چیمبر واحد ادارہ ہے جس نے کاروباری خواتین کے لئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ میں وویمن چیمبر کے لئے مزید گرانٹ کے حصول کے لئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے کہوں گی کہ وہ وویمن چیمبر کیلئے مزید گرانٹ کا فوری طور پر اعلان کریں تاکہ بزنس کرنیوالی خواتین کے لئے وویمن چیمبر نے جو منصوبے شروع کر رکھے ہیں وہ پایہ تکمیل کو پہنچ سکیں۔ 

تقریب میں وویمن چیمبر کی پروجیکٹ کوآرڈینیٹر کنول اقبال نے وزیراعلیٰ کی مسز عمارہ خٹک کو وویمن چیمبر کی طرف سے خواتین کے لئے کاموں سے متعلق تفصیلی پریذنٹیشن دی ۔ تقریب کے اختتام پر وویمن چیمبر کی صدر مسز فوزیہ عنایت نے وزیراعلیٰ کی مسز کو وویمن چیمبر کی جانب سے شیلڈ پیش کی جبکہ مسز فطرت الیاس بلور اور رخسانہ نادر نے عمارہ خٹک کو شال پیش کی۔