53

ترقیاتی منصوبوں کی عدم تکمیل پر ٹھیکیداروں کی شامت

پشاور۔ٹی ایم اے ٹاؤن 2کی حدود میں ترقیاتی منصوبوں میں سست روی اور بروقت عدم تکمیل کا نوٹس لیتے ہوئے ناظم ٹاؤن 2نے متعلقہ کنٹریکٹرز و ٹھیکہ داروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کر لیا جبکہ متعلقہ ٹھیکیداروں کی فہرستیں طلب کرکے سائیڈز کا ازخود معائنہ کرنے کا اعلان کیا ہے ٹاؤن ٹو کی حدود میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز ناظم ٹاؤن ٹو فرید اللہ خان کافور ڈھیری کی صدارت میں منعقد ہوا جس ایس ڈی او سمیت انجینئرز اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ناظم کو تمام ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی بعدازاں ناظم ٹاؤن ٹو فرید اللہ خان کافور ڈدھیری نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ جو ٹھیکہ دار ترقیاتی کاموں میں سست روی کا باعث بن رہے ہیں انہیں کی فہرستیں انہیں فراہم کی جائیں جبکہ جو کنٹریکٹرز اور ٹھیکہ دار الیکشن کمیشن کو جواز بنا کر کام نہیں کر رہے ہیں ان کے نام بھی ارسال کئے جائیں کیونکہ ٹاؤن ٹوکی حدود میں تمام ترقیاتی کام یکم اپریل سے پہلے شروع کئے گئے تھے۔

لہٰذا ٹھیکہ دار بلا جواز ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں روڑے نہ اٹکائیں ناظم نے تمام سائیڈز کا ازخود معائنہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ موقع پر جو منصوبہ سست روی کا شکار پایا گیا اس کے ٹھیکہ دار کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔