163

یوٹیلیٹی سٹورز پر ایک ہزار اشیاء کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد۔ وزیرمملکت صنعت و پیداوار سردار ارشد خان لغاری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر ایک ہزار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی ہے، کھانے پینے کی 19اشیاء پر سبسڈی دی گئی ہے،ماہ رمضان میں ایک ارب 73کروڑ روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا ہے، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری اشیاء فراہم کر رہے ہیں،15رمضان کو قیمتوں کا از سر نو جائزہ لیں گے۔

پیر کو نیوز کانفرنس میں سردار ارشد خان لغاری نے رمضان پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں ایک ارب 73کروڑ روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر ایک ہزار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 10فیصد تک کمی کی ہے، آٹا، دالیں، چینی، مصالحہ جات کی قیمتیں کم کی ہیں، دستیاب وسائل کے تحت سبسڈی دے رہے ہیں،کھانے پینے کی 19اشیاء پر سبسڈی دی گئی ہے۔ 

اس موقع پر ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے کہا کہ 15رمضان کو قیمتوں کا از سر نو جائزہ لیں گے، یوٹیلیٹی سٹورز ریلیف دینے کا بہترین ذریعہ ہیں، ارزاں نرخوں پر اشیاء کی فراہمی ہمارا ہدف ہے، ماہ رمضان کے دوران دس ارب کی اشیاء فروخت ہوتی ہیں، پرائیویٹ سیکٹر کو بھی آگے بڑھنا چاہیے، یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری اشیاء فراہم کر رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ سبسڈی 3سے 4ارب تک لے جائیں۔