61

پنک بس سروس کی دیگر اضلاع تک توسیع کافیصلہ

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر کی زیر صدارت روڈ ٹرانسپورٹ بورڈ (RTB) کااہم اجلاس پیرکے روز پشاور سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ کلیم اللہ بلوچ ،ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ شریف حسین ،ڈپٹی ڈائریکٹرسلمان شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل محمد عارف وزیراورایڈمنسٹریٹر پشاور بس ٹرمینل محمد زبیر کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے ۔

اجلاس میں روڈ ٹرانسپورٹ بورڈ کے امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا جبکہ اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ متعلقہ حکام نے اجلاس کے شرکاء کو گذشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدآمد اور روڈٹرانسپورٹ بورڈ کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے موجودہ مالی سال کے لئے مقررہ آمدن 750 ملین روپے میں سے 735 ملین آمدن حاصل کرلی ہے جبکہ جون کے مہینے تک باقی ماندہ ہدف بھی پورا کیا جائے گا۔

اجلاس میں پشاور بس ٹرمینل سے بنوں کے لئے ایئرکنڈیشنڈ بس سروس کے اجراء کی باقاعدہ منظوری دی گئی جبکہ بنوں میں غیرقانونی قابضین سے سابقہ جی ٹی ایس کی 4 کنال 9 مرلے کی واگزار کرائی جانے والی کروڑوں روپے مالیت کی اراضی پرکثیر منزلہ شاپنگ پلازہ بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ مذکورہ پلازہ میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اورموٹروہیکل ایگزامنیر (MVE) کے دفاتر قائم کرنے کے علاوہ تجارتی سرگرمیوں کے لئے بھی استعما ل میں لایا جائے گا۔

جس سے محکمہ ٹرانسپورٹ کو سالانہ خاطرخواہ آمدن حاصل ہوگی۔ اجلاس کے شرکاء نے صوبائی حکومت کی جانب سے خواتین کو بہتر اورجدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ابتدائی طورپر ایبٹ آباد اورمردان میں جاپان کے تعاون سے شروع کی جانے والی خصوصی پنک بس سروس کے دائر کارکو بڑھاتے ہوئے اسے صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دینے کابھی فیصلہ کیاگیا ۔اس کے علاوہ اجلاس میں سینئر سٹیزنز اور سکول جانے والے بچوں کے لئے علیحدہ ٹرانسپورٹ سروس کے اجراء کا بھی جائزہ لیاگیا اوراس سلسلے میں متعلقہ حکام کو تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی کے معاون خصوصی اور آر ٹی بی کے چیئر مین ملک شاہ محمد نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں اورترجیحاتی اقدامات کی بدولت محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارکردگی میں بھر پور اضافہ کیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تومحکمہ کی آمدن 16 ملین تھی جبکہ پانچ سالوں میںیہ آمدن بڑھ کر 750 ملین روپے ہوگئی ہے۔ ملک شاہ محمد نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ آمدن کو مزید بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے پشاور بس ٹرمینل میں غیر قانونی بل بورڈ کانوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو بل بورڈ فور ی طورپر ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔