1368

خواتین کی سفری سہولیات کیلئے بسیں حوالے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خواتین کو سفر کی موثر اور بہتر سہولیات کی فراہمی، خواتین کوبااختیار بنانے کے لئے ان کی حکومت کی جانب سے کثیر المقاصد اور کئی طرفہ اقدامات کاایک حصہ ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مردان اور ایبٹ آباد کی خواتین کے لئے بہترسفری سہولیات کی فراہمی کے لئے جاپانی حکومت کی جانب سے عطیہ کردہ بسیں حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مذکورہ معاہدے کے نتیجے میں مردان اورایبٹ آباد میں خواتین کیلئے سات سات الگ بسیں چلائی جائیں گی۔

جاپانی سفیر تاکاشی کورائی ،وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان وزیر اور خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی معروف شخصیات نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ صوبائی وزراء محمد عاطف خان ،مشتا ق غنی، امتیازشاہد قریشی اوردیگر متعلقہ افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے خواتین قومی دھارے سے باہر تھیں اوران کو بااختیار بنانے سے متعلق ہر چیز سے انکار کیاجاتاتھالیکن ان کی حکومت نے خواتین کو بے مثال مراعات دے کرخواتین طبقے کو قومی دھارے میں شامل کرنے کاعمل شروع کیا ہے۔جو انصاف پرمبنی معاشرے کے قیام کے لئے بہت ضروری تقاضاہے۔ یہ صرف شروعات ہیں اور ہم خواتین کو بااختیار بنانے کاعمل مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے کیونکہ خواتین ہماری آبادی کاایک بڑا حصہ ہیں جن پرہماری نئی نسل کی پرورش کی ذمہ داری بھی ہوتی ہے۔

اس لئے ان کو نظر انداز کرنے کا مطلب ہماری منزل اورخوشحالی کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت خواتین کو مکمل بااختیار بنانے کے سلسلے میں کسی کو مسائل پیداکرنے کی اجازت نہیں دے گی اوران کی حکومت صوبے کے قلیل وسائل کے اندر ہرایک کوانصاف کی فراہمی کے لئے تمام ممکن اقدامات کرے گی جبکہ ہماری حکومت نے عوامی خواہشات اورامنگو ں کے مطابق طرز حکمرانی کے تمام ڈھانچے کو تبدیل کر تے ہوئے سرکاری اداروں کو سیاست سے پاک کردیاہے۔

پرویز خٹک نے صوبہ خیبرپختونخوا میں مختلف عوامی پروگرام شروع کرنے پر جاپانی حکومت کی فیاضی وسخاوت کو سراہتے ہوئے کہاکہ جاپان کی حکومت اور عوام کی جانب سے کھلے دل کے ساتھ اس معاونت اور سپورٹ پرہم تہہ دل سے ان کے مشکور ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایاکہ خواتین کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کااقدام ابتدائی طورپر ڈویژنل ہیڈکوارٹر سے شروع کیاگیاہے جس کادائرہ صوبہ بھر کے مزید اضلاع تک پھیلادیاجائے گا۔