63

پشاور میں غیر قانونی مذبح خانے سیل ٗگوشت ضبط

پشاور۔خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے گھروں میں قائم غیر قانونی مذبح خانوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دو دنوں میں درجنوں مذبح خانے سیل کرکے 1100کلو گوشت یتیم خانوں میں تقسیم کر دیا ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی ریاض خان کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی کے افسروں نے گزشتہ روز پشاور کے علاقے اندورن ہشنگری اور کوہاٹی میں غیر قانونی مذبح خانوں پر چھاپے مارے اس دوران انکشاف ہوا ہے کہ ان غیر قانونی مذبح خانوں میں بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کیا جاتا تھا۔

جبکہ ان جانوروں کے گوشت کو مستند ڈاکٹروں کی سٹیمپ کے بغیر دکانوں پر فروخت بھی کیا جاتا تھا فوڈ اتھارٹی کے ترجمان عطاء اللہ خان کے مطابق گزشتہ روز تین غیر قانونی مذبخ خانوں کو سیل کیا گیا جبکہ مالکان کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے جائینگے ادھر فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی ریاض خان محسود نے واضح کیا کہ فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں روایتی نہیں ہیں۔

بلکہ جہاں جہاں کاروائیاں عمل میں لائی جاتی ہیں ان مقامات کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے تاکہ جرمانوں کی ادائیگی کے بعد متعلقہ لوگ دوبارہ وہی دھندہ شروع نہ کر دیں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ملاوٹوں کا خاتمہ کر دینگے اور عوام کو رمضا ن میں معیاری اور خالص اشیاء خورد و نوش کی دستیابی یقینی بنائیں گے ۔