74

محکمہ تعلیم کے چوکیدار اور ڈرائیوروں کیلئے یونیفارم لازمی قرار

پشاور۔ڈائریکٹر محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے ڈرائیوروں اور چوکیداروں کیلئے یونیفارم لازمی قرار دیتے ہوئے ڈائریکٹریٹ ٗ صوبہ بھر کے ڈی ای اوز دفاتر اور سرکاری سکولوں کے چوکیداروں اور ڈرائیوروں کوملیشیاء رنگ کی شلوار قمیض اور ٹوپی پہننے کی ہدایت کر دی ہے قائمقام ڈائریکٹر فرید خٹک نے ’’آج ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ تعلیم کسی تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتا ٗ اس شعبے میں ڈسپلن پر سمجھوتہ ملک اورقوم کے ساتھ غداری کے مترادف ہے کیونکہ تعلیم ہی ترقی کا ذینہ ہے ۔

تعلیم جہاں عقل و شعور کی بلندیوں تک لے جاتی ہے وہیں ملک اور قوم کو دنیا کے مہذب ممالک میں شامل کرتی ہے انہوں نے کہاکہ اگر سرکاری ڈرائیور اور چوکیدارباقاعدہ یونیفارم زیب تن کرینگے تو اس عمل سے جہاں ان کی پہچان ہوگی وہیں ان کی عزت میں مزید اضافہ بھی ہوگا فرید خٹک نے مزید کہا کہ ڈرائیوروں اور چوکیداروں کے یونیفارم میں کوئی عذر قبول نہیں کیا جائیگالہٰذا تمام اضلاع کے ڈی ای اوز اور سکولوں کے سربراہ ڈرائیوروں اور چوکیداروں کو ملیشیاء رنگ کی شلوار قمیض اور ٹوپی پہننے کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈائریکٹریٹ ایجوکیشن کی عمارت کو اسٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے وزیٹرز کیلئے اضافی کرسیاں لگا دی ہیں کیونکہ اساتذہ کرام اور کلرک برادری کا شعبہ تعلیم کی ترقی میں بڑا اہم رول ہے جسے کسی صورت جھٹلایا نہیں جا سکتا۔