74

پی ٹی آئی اور جے یو آئی (س) کے رابطے بحال

پشاور۔سینٹ الیکشن میں مولاناسمیع الحق کی شکست کے بعد دونوں جماعتوں کے منقطع ہونے والے رابطے بحال ہوگئے ہیں جے یو آئی س کے صوبائی سرپرست مولانا عبد الواحد خطیب نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ ملاقات کرکے دونوں جماعتوں کے انتخابی اتحاد کے امکانات پر تفصیلی بات چیت کی وزیر اعلیٰ ہفتہ کے روز مولاناسمیع الحق کے ساتھ ملاقات کریں گے جس کے بعدعمران خان کے ساتھ ملاقات بھی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی س کے صوبائی سرپرست اعلیٰ مولانا عبد الواحد خطیب نے ضلع ہنگوکے رہنمااورپی کے 84کے متوقع امیدوار مولانا عبدالرفیع کے ہمراہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ ملاقات کی جس میں اگلے عام انتخابات میں دونوں جماعتوں کے انتخابی اتحاد کے امکانات پربا ت کی گئی ذرائع کے مطابق ملاقات میں برف پگھل گئی جس کے بعدپرویز خٹک اکوڑ ہ خٹک میں مولاناسمیع الحق کے ساتھ ملاقا ت کرکے معاملات آگے بڑھائیں گے ۔

وزیر اعلیٰ اس حوالہ سے پارٹی کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات کرکے ان کو صورت حال سے آگاہ کریں گے جس کے بعددونوں جماعتوں کی قیادت میں باضابطہ ملاقات بھی ہوگی جس میں انتخابی اتحاد یاایڈجسٹمنٹ پر بات کی جائے گی