89

پشاور میں کم عمر بچھڑے ذبح کرنے پر 12دکانیں سیل

پشاور۔ خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے کم عمر بچھڑوں کو ذبح کرنے کیخلاف تہکال میں بڑی کاروائی کرتے ہوئے 12دکانیں سیل کردیں جبکہ 20 بچھڑوں کا گوشت قبضے میں لیکر یتیم خانہ بھجوا دیاگیا ترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی عطا اللہ خان کے مطابق عوامی شکایات سسٹم کے تحت موصول ہونی والی معلومات پر بروقت کاروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد علی نے ٹیم کے ہمراہ تہکال کا دورہ کیا تو قصائی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کو دیکھ کر دوکانیں چھوڑ کر بھاگ گئے ۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے معائنہ کیا تو تمام دوکانوں میں کم عمر بچھڑے ذبح کئے گئے تھے جبکہ کسی بھی ذبح شدہ جانور پر سرکاری مذبح خانے کا کوئی مہر موجود نہیں تھا۔ جس کے بعد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے بارہ دوکانوں سیل کرکے گوشت اپنے قبضے میں لیکر یتیم خانے پہنچا کر یتیم اور بے سہارا بچوں کو عطیہ کردیا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اتھارٹی کے قائم ہوتے ہی کم عمر بچھڑوں کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ کم بچھڑوں کو ذبح کرنا نہ صرف جانوروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ جانوروں کی نسل کشی کے مترادف ہے۔