68

خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے 6نام پیش

پشاور۔نگران وزیر اعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطہ کے دوران اپوزیشن کی طرف سے چھ نام حکومت کو پیش کردیئے گئے ہیں ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر مولانالطف الرحمان نے گذشتہ روز سپیکر اسد قیصر کے ساتھ ملاقات کی جس میں نگران سیٹ اپ کے حوالہ سے تجاویز اورناموں پرغور ہوا ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی طرف سے چھ نام پیش کیے گئے ہیں جن پر رواں ہفتہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ بات چیت ہوگی ۔

تاہم صوبائی حکومت کی طر ف سے اب تک اپنے تین ناموں کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی ہے ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کے چھ ناموں میں سے تین ہی منظور کیے جائیں گے جس کے بعد حکومت اپنے تین نام سامنے لائے گی ان چھ مشترکہ ناموں میں سے نگران وزیر اعلیٰ کے نام کا انتخاب کیاجائے گا ۔

اگر وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو پھر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا جس نے دودن کے اندر اس پر فیصلہ کرنا بصورت دیگر یہ اختیار خودبخود الیکشن کمیشن کو منتقل ہوجائے گا ۔