46

منی لانڈرنگ کیس ٗتعاون نہ کرنیوالے رہنماؤں کی گرفتاری کا فیصلہ

اسلام آباد۔ متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں تعاون نہ کرنے والے رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ اسلام آباد میں ڈی جی وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اہم اجلاس کے دوران کیا گیا۔

اجلاس میں کاؤنٹر ٹیرارزم ونگ کے سربراہ مظہر اللہ کاکا خیل موجود تھے جبکہ سرفراز مرچنٹ خصوصی طور پر برطانیہ سے آئے تھے جن کے ہمراہ پاکستان کی جانب سے برطانیہ میں منی لانڈرنگ کیس میں نمائندگی کرنے والے وکیل ٹوبی کیڈمین بھی موجود تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی رہنماؤں نے چار ماہ سے ایف آئی اے کے نوٹسز کے جواب نہیں دئیے۔ایف آئی اے کی جانب سے فاروق ستار، ارشد وہرا اور سہیل منصور سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دیگر ممالک میں بھی منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کو پھیلایا جائے گا۔