58

ڈی پی اوکوہاٹ کا حساس چیک پوسٹوں کا دورہ

پشاور۔کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرحساس شاہراہوں پر واقع چوکیوں و چیک پوسٹوں کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے انتہائی کٹھن حالات میں فرائض منصبی انجام دینے والے پولیس عملے میں نقد انعامات تقسیم کئے منگل کی علی الصبح ضلعی پولیس سربراہ نے کوہاٹ ٹل پارا چنار کی مرکزی شاہراہ پر ضلع ہنگو سے متصل شہر کے داخلی راستے میں آنے والی تھانہ استرزئی سے ملحقہ کوہاٹ پولیس کی حساس چیک پوسٹ سپیشل فور کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے علاقائی محل وقوع کا جائزہ لیتے ہوئے چیک پوسٹ کی حفاظتی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

ضلعی پولیس سربراہ نے چیک پوسٹ میں تعینات پولیس عملے سے انکے مسائل و مشکلات سے متعلق دریافت کیا اور انتہائی کٹھن و مشکل حالات کے باوجوداپنے فرائض منصبی کو لگن اور تندہی سے انجام دینے والے پولیس اہلکاروں میں نقد انعامات تقسیم کئے بعد ازاں ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے کوہاٹ ہنگو روڈ پر قائم کاغزئی پولیس چوکی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وی وی ایس ،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی آلات کے ذریعے موقع پر گاڑیوں اور اشخاص کی چیکنگ کے طریقہ کار کے بارے میں متعلقہ پولیس اہلکاروں سے معلومات حاصل کیں۔

دورے کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے پولیس اہلکاروں کوہتھیاروں سے مسلح وحفاظتی آلات بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ سے لیس الرٹ اور چیکنگ کے عمل میں مصروف پایاجس پر چیک پوسٹ کے تمام پولیس عملے کو موقع پر نقد انعامات دیتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے پولیس اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ تحفظ عامہ کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔