اسلام آباد۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات دو ہزار اٹھارہ کے لئے چھیاسی ہزار چار سو چھتیس پولنگ اسٹیشنز بنانے کا اعلان کردیا ہے،ساتھ ہی ملک بھر میں بیس ہزار چارسو اٹھانویں پولنگ اسٹیشنز کو حساس بھی قرار د یدیا ۔اس موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عام انتخابات میں 86 ہزار 436 پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے،پنجاب میں 48 ہزار 667 پولنگ اسٹیشن سندھ میں 18 ہزار 647 کے پی اور فاٹا میں 14 ہزار 655، بلوچستان میں 4 ہزار 467 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں 20 ہزار 498 پولنگ اسٹیشن حساس ہیں،جن میں سے پنجاب میں حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 5 ہزار 568 ہے،سندھ میں حساس پولنگ سٹیشنز کی تعداد 5 ہزار 776 ،کے پی میں 7 ہزار 386، بلوچستان میں 1 ہزار 768 پولنگ سٹیشن حساس ہیں۔اس کے علاوہ شرکاء کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں چار ہزار 834 پولنگ اسٹیشن کی بیرونی دیوار ہی نہیں ہے جبکہ 6 ہزار 942 پولنگ اسٹیشنز پر بجلی کی سہولت میسر نہیں ۔
اس کے علاوہ 7 ہزار 371 پولنگ اسٹیشنز پر پانی کی فراہمی کا نظام موجود نہیں ۔گزشتہ روز بھی چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی صدارت میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا تھا،الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال میں ایف آئی اے شامل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے سات کے بجائے آٹھ دن مقرر کرنے کا فیصلہ کی۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی سے متعلق اداروں سے تجاویز مانگتے ہوئے اسکروٹنی سخت اور بروقت بنانے کی ہدایت بھی کی ہے،چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی ساتھ ساتھ اداروں کو بھیجے جائیں اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔









