60

انتخابات میں مخالفین کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائیگا ٗ پرویز خٹک

پشاور۔خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے۔2018 کے انتخابات میں مخالفین کو تگنی کاناچ نچائیں گے اور ان کو اپنی حیثیت کا اندازہ خود لگ جائے گا۔ صوبہ بھر سے مضبوط امیدوار سامنے لارہے ہیں ۔ تحریک انصاف وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی۔ اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے۔

انشاء اللہ آئندہ وزیر اعظم عمران خان ہی ہوں گے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان گزشتہ 22 سالوں سے پاکستان کو ترقی یافتہ دُنیا کے مقابلے میں لے جانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں ۔ تحریک انصاف کے ایجنڈے کے تحت موجودہ صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں اپنی ذمہ داری نبھائی اور عوامی خوشحالی کیلئے قابل عمل نظام کی بنیادیں رکھیں ۔ اس ملک کو ٹھیک کرنے کیلئے نظام کی اصلاح ضروری ہے کیونکہ مفاد پرست حکمرانوں نے کبھی بھی اداروں پر توجہ نہیں دی بلکہ اپنی سرپرستی میں اداروں کی تباہی اور لوٹ مار کو فروغ دیتے رہے ۔

تعجب کی بات ہے کہ آج نااہل اور کرپٹ نام نہاد سیاستدان بھی خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف باتیں کرتے ہیں جبکہ انہوں نے اپنے ادوار میں قوم کے مستقبل اور غریب عوام کی کوئی فکر نہیں کی دُنیا بدل گئی مگر پیداگیر اپنی روایتی سوچ سے باہر نہیں نکلے ۔اب وقت آگیا ہے کہ عوام مفاد پرست عناصر کے ہوائی ڈراموں کو مستر د کرکے ایماندار قیادت کو آگے لائیں۔ یہی قومی ترقی اور خوشحالی کا واحد حل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کینٹ میں شمولیتی تقریب جبکہ پشتون گڑھی میں جنرل کونسلر حسین اﷲ ایڈوکیٹ کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکا خیل ، ضلع ناظم لیاقت خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک اور دیگر مقامی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ نوشہرہ کینٹ سے عمران خان اور حیات خان نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیاجبکہ پشتون گڑھی سے حسین اﷲ ایڈوکیٹ ، ندیم اﷲ، مقصود خان، گلاب خان، ناظم ویلج کونسل کفایت خان نے پی ٹی آئی سے اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ وہ پرویز خٹک کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے ۔ 

وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور پی ٹی آئی کی قیادت پر اعتماد کرنے والوں کا شکریہ اد اکیا۔ انہوں نے کہاکہ اے این پی ، پی پی پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ اپنی تجوریاں بھری۔ ان کوعوام کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں تھا۔ ہماری سیاست کامرکز غریب عوام ہیں۔ سابق حکمران الیکشن جیتنے کے بعد اقتدار کے مزے لوٹنے کے بعد عوام کو بھول جاتے ہیں۔ 

مگر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے عوام کا عزت نفس بحال کیا۔ انھوں نے کہا میں اورمیرا خاندان ہمیشہ سے عوام سے رابطے میں رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ2013 میں اُنہیں بطور وزیراعلیٰ صوبے کی خدمت کا جو موقع ملا اُس میں نوشہرہ کے عوام کا بنیادی کردار شامل ہے انہوں نے کہاکہ اُن کی حکومت نے بلا تفریق صوبہ بھر میں عوام کو خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں مثالی پیش رفت یقینی بنائی ہے۔

عوامی خوشحالی اور حقدار کو حق کی فراہمی اُن کی ترجیح ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ ہوا میں باتیں نہیں کرتے بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اہم ترین مسئلہ اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے ماضی کی کسی حکومت نے بھی نظام پر توجہ نہیں دی بلکہ اُن کی سرپرستی میں رشوت ستانی اور لوٹ مار پنپتی رہی ۔سیاستدان اس قوم کے مجرم ہیں جنہوں نے عوامی خدمات کے اداروں کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ جب وہ حکومت میں آئے تو تعلیم ، صحت اور پولیس جیسے اہم ترین شعبے بھی بد حالی کا شکار تھے جس کے نتیجے میں ایک محدود طبقہ طاقتور ہو تا چلا گیا اور غریب مزید غربت میں دھنستا چلا گیا ۔

موجودہ صوبائی حکومت نے تمام شعبوں کو سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے خدمات کی فراہمی کے قابل بنایا۔ وزیراعلیٰ نے حیرت کا اظہار کیا کہ دُنیا بھر میں سیاستدانوں کا ایجنڈا نظام اور اداروں کی بہتری پر مشتمل ہو تا ہے جبکہ پاکستان میں گلی اور نالی کی تعمیر پر ووٹ لیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب بحیثیت قوم ہمیں اپنی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے عوام کو اپنے مستقبل کی فکر کرتے ہوئے ایماندار قیادت کو آگے لانا ہوگا جو عمران خان کی شکل میں موجود ہے ۔ وہ سیاستدان جو باربار حکومت بنانے کے باوجود عوامی مسائل کا حل پیش نہیں کر سکے وہ قیادت کے مستحق نہیں ۔ پرویز خٹک نے کہاکہ روایتی سیاسی جماعتیں مختلف نعروں کے ساتھ حکومت بناتی رہیں مگر عملی طور پر ملک و قوم کی کوئی خدمت نہیں کی ۔

چند دُکاندار سیاستدانوں کی وجہ سے پورا سسٹم خراب ہوا ۔یہ ملک اب مزید ہوائی ڈراموں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان تحریک انصاف اسی سیاسی ڈرامہ بازی کے خلاف میدان میں نکلی ہے ۔ اسلئے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور دن رات تبدیلی کے عمل کی مزاحمت میں مصروف رہتے ہیں۔ پرویز خٹک نے اس موقع پر نوشہرہ اور دیگر پسماندہ اضلاع میں حکومت کے اقدامات کا حوالہ بھی دیا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت پر تنقید کرنے والے خصوصاً عوامی نیشنل پارٹی کو اپنے دور حکومت میں نوشہرہ نظر نہیں آیا۔ یہ پانچ سالوں میں زیر تعمیر قاضی حسین احمد ہسپتال کو مکمل نہیں کر سکے ۔ کیا انہوں نے اپنے دور میں نوشہرہ میں تعلیمی اداروں کی ضرورت محسوس نہیں کی ۔ آج عوام کو دھوکہ دینے کیلئے سیاست کررہے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہاکہ اُن کی حکومت نے قاضی حسین احمد ہسپتال کی تکمیل کے علاوہ نوشہرہ کو سیلاب سے محفوظ بنانے کیلئے اربوں روپے کی لاگت سے حفاظتی پشتوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ، میڈیکل کالج سمیت درجن کے قریب کالجز ، ٹیکنکل یونیورسٹی ، ایئر یونیورسٹی اور صنعتی بستی جیسے اہم منصوبے نوشہرہ کو دیئے ۔

اسی طرح صوبے کے دیگر اضلاع میں کارخانوں کے قیام ، یونیورسٹی کیمپسز ، کالجز سمیت متعدد ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔ انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والا دور بھی تحریک انصاف کا ہے۔