59

فاٹا انضمام سے قبائلیوں کی محرومیاں ختم ہوسکتی ہیں‘ آصف زرداری

اسلام آباد۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں فوری ضم کیا جائے، پیپلز پارٹی فاٹا کے حقوق پر سیاست نہیں کرے گی، حکومت نے فاٹا کے لئے جو سوچا ہے ہم اس سے بھی آگے جائیں گے۔ پیر کو وزیراعظم کی زیرصدارت فاٹا کے لئے بلائے گئے اجلاس میں شرکت سے قبل اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے مشاورت کی۔

اس موقع پر سابق صدر نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو مکمل حقوق دینا پیپلزپارٹی کی ہی سوچ ہے حکومت نے فاٹا کے لئے جو بھی سوچا ہے ہم اس سے بھی آگے جائیں گے۔آصف زرداری نے نے قائدِ حزب اختلاف خورشید شاہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے حقوق پر کوئی سیاست نہیں کریں گے، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں فوری ضم کیا جائے، پیپلزپارٹی اس قانون سازی کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے اور اس پر عملدرآمد اسی سیشن میں ہونا چاہئے۔