148

روزہ اور عید‘ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کا اعلان

پشاور۔ پشاور سمیت دیگراضلاع کے جید علماء کرام ومفتیان عظام نے روزہ اورعیدین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق منانے کا فیصلہ کرلیا اس حوالے سے گزشتہ روز پشاور میں دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مفتی عبدالمنعم حقانی کی زیرصدارت مدرسہ مصباح القرآن میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں شیخ الحدیث مفتی سردار آف ٹل،مفتی مغفورالرحمان لکی مروت، مولانا احمدشاہ قریشی لکی مروت، اسسٹنٹ پروفیسربنوں میڈیکل کالج ڈاکٹر مولانا حافظ محمدادریس ، معروف ماہر فلکیات و مہتمم جامعہ خدیجۃ الکبریٰ للبنات مردان مولانا مفتی ذاکراللہ، عبدالولی خان یونیورسٹی مرد ان کے پروفیسرمولاناڈاکٹرصالح الدین ، جامعہ امداد العلوم پشاور صدر کے شیخ الحدیث مولانا سعید اللہ شاہ ‘ رئیس ونائب مفتی دارالافتاء جامعہ امداد العلوم پشاورصدر کے مفتی سبحان اللہ جان ، مولانا اسداللہ شیخ الحدیث مفتی مطیع الرحمان ضلع صوابی ،مولانا عبدالرحیم جامعۃ النور پشاور،مفتی نوربادشاہ پاڑہ چنار ، سابق ڈین شیخ زید اسلامک ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف پشاور ۔

پروفیسر(ر)ڈاکٹر دوست محمد،مفتی رحیم داد ،مفتی حسن جان آ ف چارسدہ سمیت صوبہ بھر سے کثیر تعداد میں علمائے کرام اور خطبائے عظام نے شرکت کی ،اجلاس سے مفتی عبدالمنعم ودیگر علماء نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی شریعت کی روسے روزہ وعیدین کے اعلانات کااختیارایک اسلامی ریاست میں مسلمان حاکم وقت یااس کے مقررکردہ شخص یا کمیٹی کو حا صل ہے ،جو شریعت میں شرعی قاضی کی حیثیت رکھتاہے ،موجودہ دورمیں پاکستان سمیت دارالعلوم دیوبندودیگر اسلامی ممالک کے ممتاز علماء کرام و جامعات کی تحقیق و فتاویٰ جات کی روشنی میں پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی تمام اہل پاکستان کیلئے شرعی قاضی کی حیثیت رکھتی ہے ۔

اوراس کے اعلان کے مطابق روزہ رکھنا اور عیدین منانا اوراس کے فیصلے پر عمل کرنا شریعت کے عین مطابق ہے اور اس کے علاوہ اپنی اپنی حیثیت سے کمیٹیاں بنانا اور اعلانات کرنا شریعت کے خلاف ہو نے کے ساتھ ساتھ ملک کی سا لمیت کے خلاف بھی ہے ۔