68

ایم ایم اے کسی سہارے بغیر حکومت بنائے گی،سراج الحق

پشاور۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دعوی کیاہے کہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کریں گے اور ایم ایم اے آئندہ انتخابات کے بعد کسی سہارے کے بغیر حکومت بنائے گی جبکہ تمام دینی مدارس رجسٹریشن اور آڈٹ کے لئے تیار ہیں لیکن حکومت نے کوئی پیسہ ہی نہیں دیا تو آڈٹ کس چیز کا کروائیں گے ۔ الیکشن اور جمہوریت سے مایوسی ملک کے لئے نیک شگون نہیں ہے ۔

الیکشن کمیشن عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لئے کردار ادا کرے ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے 13 مئی کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کریں گے جبکہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے عام آدمی کے لئے ایوانوں کے دروازے کھل جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کو آئندہ انتخابات میں واضح اکثریت حاصل ہو گی اور ہم بغیر کسی سہارے کے حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دینی مدارس کے لئے بجٹ میں کوئی حصہ نہیں رکھا اور حکومت مغربی طاقتوں کو خوش کرنے کے لئے دینی مدارس سے دشمنی کر رہی ہے جبکہ دینی مدارس رجسٹریشن اور آڈٹ کروانے کے لئے تیار ہیں لیکن جب حکومت نے انہیں ایک پیسہ بھی نہیں دیا تو پھر کس چیز کا آڈٹ کروائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ساری ملکی معیشت سود کی بنیاد پر قائم ہے ایم ایم اے اقتدار میں آ کر اسلامی نظام نافذ کرے گی اور تمام دینی اور نظریاتی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو قبائلی عوام کی محرومیاں دور کرنے کے لئے جامع پیکج دینا چاہئے تھا جبکہ صرف 10 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کر کے قبائلی عوام کو ٹرخایا گیا ہے لیکن ہم قبائلی عوام کے چہروں پر مسکراہٹ واپس آنے تک ان کے حقوق کے لئے لڑیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ خلائی مخلوق کے الیکشن میں کردار جیسے بیانات الیکشن کے طریقہ کار اور ووٹر کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں اور الیکشن اور جمہوریت سے مایوسی ملک کے لئے نیک شگون نہیں ہے اس لئے الیکشن کمیشن اور متعلقہ ادارے ووٹر کا اعتماد بحال رکنے میں کردار ادا کریں ۔