62

فاٹا اصلاحات عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس طلب

اسلام آباد۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر بلایا گیا فاٹا اصلاحات عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس (آج ) پیر کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے وفاق کے زیر انتظام علاقے فاٹا سے متعلق اصلاحات پر عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جو(آج )بروز پیر 7 مئی کی شام چار بجے ہوگا۔

فاٹا ریفارمز عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سرتاج عزیز، خورشید شاہ، عبدالقادر بلوچ، نوید قمر، شاہ محمود قریشی اور مولانا فضل الرحمان شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر فاروق ستار اور آفتاب شیر پا بھی فاٹا ریفارمز سے متعلق اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے3مئی کو قومی اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ فاٹا کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دینے کے عمل کا آغاز رواں ماہ مکمل کر لیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس12ستمبر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی تھی جس میں حکومت نے ایف سی آر کے خاتمے کے لیے نیا بل لانے کا فیصلہ کیا تھا۔وفاقی حکومت نے 23 ستمبر کو فاٹا میں ملک کے دیگر حصوں کی طرح پولیس اور عدالتی نظام نافذ کرنے کا اعلان کیا جب کہ رواں سال 17 اپریل کو صدر مملکت نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے کے بل پر دستخط کیے تھے۔