87

پشاور کو پولیو سے پاک کریں گے‘ڈپٹی کمشنر

پشاور۔ڈپٹی کمشنر پشاورڈاکٹر عمران حامد شیخ نے ٹاؤن ون اور ٹو کے ڈسٹرکٹ اور ٹاؤن ممبران سے ضلع کونسل ہال میں اہم ملاقات کی جس میں ناظم ٹاؤن ون زاہد ندیم، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن ٹو عرفان علی ، ڈپٹی ڈی ایچ او اختیار علی، این سٹاپ آفیسر ڈاکڑانور جمال، ڈبلیو ایچ او ، یونیسیف کے نمائندگان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے شرکاء کو شاہین مسلم ٹاؤن میں بچوں کی فوتگی کی تحقیقات سے آگاہ کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔انھوں نے بتایا کہ حفاظتی ٹیکے اس سے پہلے بھی بچوں کو لگواچکے ہیں اور دوسرے ملکوں میں بھی یہی ٹیکے استعمال ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ابھی تک دس ارب سے زیادہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں کی خوراک بچوں کو دی جا چکی ہیں اور پاکستان میں ابھی تک ایک کروڑ پچاس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے انجکشن لگے ہیں جبکہ اس سے ریکشن کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا یعنی پولیو کی ویکسین اور ٹیکے کافی محفوظ ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پولیو انجکشن مہم کے دوران آٹھ روز میں ایک لاکھ 88 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤکے انجکشن لگائے گئے اور کوئی ریکشن کا واقع رپورٹ نہیں ہواجبکہ روٹین میں بھی پشاور میں بیس ہزار سے زیادہ بچوں کو ہر مہینے یہی ٹیکے لگ رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے صفائی کی ناقص صورتحال کے بارے میں بھی بات کی اور یقین دلایا کہ پیر کے روز سے شاہین مسلم ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کا کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جا ئے گا۔

انھوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ عوامی نمائندگان کے مشوروں اور تعاون سے پشاور کو ماڈل ڈسٹرکٹ بنائے گی اور مشترکہ کاوشوں سے ہم عنقریب پشاور کو پولیو اور دوسری موذی بیماریوں سے پاک کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب کومل کر پشاور سمیت پاکستان کو پولیو سے پاک کرنا ہے۔