73

خیبرپختونخوا میں بارش کے بعد موسم خوشگوار، مزید برسات کی پیشگوئی

 خیبرپختونخوا سمیت کرم ایجنسی اور شمالی وزیرستان میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے۔

پنجاب میں جہلم، فیصل آباد، چنیوٹ، گوجرہ، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 22 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری رہنے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوارن وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ جنوبی پنجاب میں موسم گرم ہے۔

کرم ایجنسی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، بلوچستان کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم ہے، چمن اور گرد و نواح میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔

سندھ میں نواب شاہ، سکھر، دادو، لاڑکانہ، پڈعیدن سمیت کئی شہروں میں سورج آگ برسارہا ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ شہر کا کم سے کم درجہ حررات 25 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک بڑھنے کا امکان ہے ۔