60

سرکاری حج سکیم کے مزید خوش نصیبوں کا اعلان

اسلام آباد۔ وزارت مذہبی امور نے مسلسل تین بار سرکاری حج قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے 12 ہزار سے زائددرخواست گزاروں اور 80سال سے زائد4928درخواست گزاروں کو بھی سرکاری حج سکیم کے تحت بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیدیا ہے ،سرکاری حج سکیم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے مذید587خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان بھی کردیا گیا ہے جبکہ 7فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی کا سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل پر فیصلے کے بعد کی جائے گی ۔

جمعہ کے روز وزارت مذہبی امور میں سرکاری حج سکیم کے بقایا10فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی کے موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے عوام کی مشکلات کے پیش نظر10فیصد کوٹے پر قرعہ اندازی کرنے کی اجازت دیدی ہے جبکہ بقایا 7فیصد کوٹے پر سپریم کورٹ میں وزارت کی جانب سے دائر نظر ثانی کی اپیل کے فیصلے کے بعد قرعہ اندازی کی جائے گی انہوں نے کہاکہ 10فیصد کوٹے کے تحت سرکاری حج سکیم کے تحت وزارت کے پاس19713حجاج کا کوٹہ موجود ہے۔

انہوں نے بتایاکہ امسال حج پالیسی کے تحت مسلسل تین سال یا اس سے زائد سرکاری قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والوں کیلئے 10ہزار کا کوٹہ مختص کیا گیا تھا اس سلسلے میں وزارت کے پاس 12237درخواستیں آئی تھی جنہیں بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا گیا ہے اسی طرح 80سال سے زائد عمر کے افراد اور ان کے معاونین کی جانب سے 4928درخواستیں موصول ہوئی تھی انہیں بھی کامیاب قراردیا گیا ہے جبکہ 2فیصد ہارڈ شپ کوٹے کیلئے مختص کرنے کے بعد بقایا587حجاج کے کوٹے پر قرعہ اندازی کی گئی ہے انہوں نے بتایاکہ امسال 3لاکھ 75ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھی جن میں پہلے مرحلے پر یکم مارچ کو 50فیصد کوٹے کے تحت قرعہ اندازی کی گئی تھی اور 10فیصد کوٹے پر آج قرعہ اندای کی گئی ہے جبکہ بقایا 7فیصد کوٹے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد قرعہ اندازی کی جائے گی ۔