56

عازمین حج کی سن لی گئی ٗ قرعہ اندازی آج ہو گی

اسلام آباد۔ وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام 10فیصد حج کوٹہ کی قرعہ اندازی آج بروز جمعہ ہوگی جبکہ بقایا 7فیصد کوٹے کا تعین سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہوگا ، وزارت مذہبی امور نے حجاج کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کیلئے بنکوں سے پاسپورٹ بھی طلب کر لئے ہیں۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامئے کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت 10فیصد کوٹے کی قرعہ اندازی آج وزارت مذہبی امور کے دفتر میں ہوگی ۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سرکاری حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کریں گے ترجمان کے مطابق بقایا7فیصد سرکاری حج قرعہ اندازی کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدکیا جائے گا واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے امسال سرکاری حج کوٹہ 60فیصد سے بڑھا کر 67فیصد کر دیا تھا جس کے خلاف پرائیویٹ حج آرگنائزرز نے عدالتوں سے رجوع کر لیا تھا اوراس وقت معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التو ا ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی عازمین کے فنگر پرنٹس کی تصدیق ائیرپورٹس پر کرانے کیلئے سعودی حکومت کو درخواست دی تھی تاہم سعودی حکومت پاکستان کے وزارت مذہبی امور کی درخواست کو رد کر دیا ہے اور تمام پاکستانی عازمین کے فنگر پرنٹس کی تصدیق پاکستان میں اپنے نامزد کمپنی اعتماد کو فنگر پرنٹس لینے کی ہدایت کر دی ہے جس کے بعد مذکورہ کمپنی کی جانب سے وزارت مذہبی امور کو سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے تمام پاکستانیوں کے پاسپورٹ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فنگر پرنٹس کی تصدیق کیلئے سرکاری سکیم کے تحت کامیاب ہونے والے عازمین کو بھی اعتماد کمپنی کے مختلف شہروں میں قائم دفاتر میں پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔